
حضرت ابو درداء ؓ اللہ عنہ نے سکھلائی بہترین دعا
مجھے اللہ ہی کافی ہے ، اس کے سوا کوئی سچا معبود نہیں ، میں نے اسی پر توکل کیا اور وہ عرشِ عظیم کا رب ہے ۔اس دعا کی فضیلت حدیث میں یوں بیان کی گئی ہے۔جو شخص اسے صبح وشام سات سات مرتبہ پڑھ لے اللہ تعالیٰ اسے دنیاوی واخروی غموں سے نجات دے دیتا ہے۔ یہ سورہ توبہ کی آخری آیت ہے۔جس کے پہلے حصے میں مومنوں کو کہا گیا ہے کہ تمہارے میں رسول کریم آ گئے ہیں جو روف و رحیم اور تمہارے لئے پریشان رہتے ہیں۔لَقَدْ جَاءَكُمْ رَسُولٌ مِّنْ أَنفُسِكُمْ عَزِيزٌ عَلَيْهِ مَا عَنِتُّمْ حَرِيصٌ عَلَيْكُم بِالْمُؤْمِنِينَ رَءُوفٌ رَّحِيمٌ فَإِن تَوَلَّوْا فَقُلْ حَسْبِيَ اللَّـهُ لَا إِلَـٰهَ إِلَّا هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ ۖ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ البتہ تحقیق تمہارے پاس تم ہی میں سے رسول آیا ہے اسے تمہاری تکلیف گراں معلوم ہوتی ہے تمہاری بھلائی پر وہ حریص ہے مومنوں پر نہایت شفقت کرنے والا مہربان ہے پھر اگر یہ لوگ پھر جائیں تو کہہ دو مجھے الله ہی کافی ہے اس کے سوا اور کوئی معبود نہیں اسی پر میں بھروسہ کرتا ہوں اور وہی عرش عظیم کا مالک ہے ۔
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا جس آدمی نے اللہ تعالیٰ سے 3 بار جنت مانگی تو جنت اس کے حق میں یہ دعا کرتی ہے۔ اللہم ادخلہ الجنۃ ۔ ترجمہ۔( اے اللہ اس کو جنت میں داخل فرمادیجئے)۔ جس آدمی نے 3بار دوزخ سے پناہ طلب کی تو آگ یہ دعا کرتی ہے۔ اللہم اجرہ من النار۔ ترجمہ۔ (اے اللہ اس کو دوزخ سے محفوظ فرمالیجئے)۔حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ سے اس کا فضل مانگو کیونکہ اللہ تعالیٰ کو یہ بات پسند ہے کہ ان سے مانگا جائے اور کشادگی (کی دعا کے بعد کشادگی) کا انتظار کرنا افضل عبادت ہے۔حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا دعا کے سوا کوئی چیز تقدیر کے فیصلہ کو ٹال نہیں سکتی اور نیکی کے سوا کوئی چیز عمر کو نہیں بڑھا سکتی اور آدمی (بسا اوقات) کسی گناہ کے کرنے کی وجہ سے روزی سے محروم کردیا جاتا ہے۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک شخص نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا: اللہ کے رسول مجھے رات بچھو کے کاٹنے سے بہت تکلیف پہنچی۔ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا اگر تم شام کے وقت یہ کلمات کہہ لیتے اعوذ بکلمات اللہ التامات من شر ماخلق ۔ ترجمہ۔ (میں اللہ تعالیٰ کے سارے (نفع دینے والے شفا دینے والے) کلمات کے ذریعہ اس کی تمام مخلوق کے شر سے پناہ چاہتا ہوں) تو تمہیں بچھو کبھی نقصان نہ پہنچاسکتا۔حضرت معقل بن یسار رضی اللہ عنہ نبی کریم ﷺ کا ارشاد نقل فرماتے ہیں جو شخص صبح تین مرتبہ اعوذ باللہ السمیع العلیم من الشیطان الرجیم پڑھ کر سورہ حشر کی آخری تین آیات پڑھ لے تو اس کے لئے اللہ تعالیٰ ستر ہزار فرشتے مقرر فرمادیتے ہیں جو شام تک اس پر رحمت بھیجتے رہتے ہیں اور اگر اس دن مرجائے تو شہید مرے گا اور جو شخص شام کو پڑھے تو اس کے لئے اللہ تعالیٰ ستر ہزار فرشتے مقرر فرمادیتے ہیں جو صبح تک رحمت بھیجتے رہتے ہیں اور اگر اس رات مرجائے تو شہید مرے گا۔